تل ابیب،31جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اسرائیلی قابض حکام نے مسجد اقصی میں موجود اہم دستاویزات کو قبضے میں لے لیا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس اور اس کی اراضی کی املاک اور اوقاف سے متعلق یہ دستاویزات اُس دوران نکالے گئے جب مسجد فلسطینیوں کے لیے بند کر دی گئی تھی۔اس سلسلے میں القدس بین الاقوامی مرکز کے سربراہ حسن خاطر نے اخباری بیان میں کہا کہ بیت المقدس کو حقیقی طور پر آفت کا سامنا ہے بالخصوص قابض حکام کی جانب سے مسجد اقصی کے اندر سے اہم دستاویزات چرائے جانے کا انکشاف ہونے کے بعد جس سے شہر اور یہاں کے رہنے والوں کے حوالے سے اسرائیل کا ارادہ ظاہر ہو رہا ہے۔
مسروقہ دستاویزات کا تعلق زمین کی رجسٹری اور محکمہ اوقاف کی املاک سے ہے جس میں تقریبا 90فیصدبیت المقدس کے اولڈ ٹاؤن کی ہیں۔القدس بین الاقوامی مرکز کے مطابق بیت المقدس میں محکمہ اسلامی اوقاف کی جانب سے تشکیل دی جانے والی خصوصی کمیٹی قابض حکام کی جانب سے قبضے میں لی جانے والی مسروقہ دستاویزات کے حجم کا شمار کرے گی تا کہ اسرائیل کے خلاف قانونی طور پر متحرک ہوا جائے۔